بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا || چینی وزارت خارجہ کی ویب گاہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں ایران اور چین کے وزرائے خارجہ سید عباس عراقچی اور وانگ یی کے درمیان کل کی ٹیلی فونک بات چیت کی تفصیل جاری کی گئی ہے۔
بیان کے مطابق وانگ یی نے اس موقع پر کہا کہ چین ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو "انتہائی اہمیت" دیتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ رواں سال کے مہینے ستمبر میں چینی صدر شی جن پنگ اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان "کامیاب ملاقات" ہوئی تھی اور دونوں سربراہان اہم اتفاق رائے پر پہنچے تھے اور چین ایران تعلقات کو فروغ دینے اور گہرا کرنے کے لئے اسٹراٹیجک رہنمائی فراہم کی تھی۔
واضح رہے کہ اگلے سال چین اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 55ویں سالگرہ منائی جائے گی۔
بیجنگ نے اس سلسلے میں اعلان کیا: "چین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، مشترکہ طور پر قومی ترقی اور بحالی کو فروغ دینے، باہمی فائدہ مند تعاون کو گہرا کرنے اور چین-ایران جامع اسٹراٹیجک شراکت داری کو اعلیٰ ترین سطح پر پہنچانے کے لئے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔"

چین نے شی جن پنگ کے تجویز کردہ چار عالمی اقدامات کے لئے ایران کی فعال حمایت کو سراہا اور "ایک زیادہ منصفانہ اور زيادہ عادلانہ عالمی گورننس سسٹم کے فروغ" کے لئے مثبت کوششیں کرنے کے لئے ایران سمیت بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فریقین نے ایرانی جوہری مسئلے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وانگ یی نے زور دے کر کہا کہ چین نے ایرانی جوہری معاملے پر ایک معروضی اور غیر جانبدارانہ موقف برقرار رکھا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے: "ایرانی جوہری مسئلے کے سیاسی حل میں موجودہ تعطل بین الاقوامی برادری کے مشترکہ مفادات سے مطابقت نہیں رکھتا۔ "چین ایران کے اس اعلان کو سراہتا ہے کہ اس کا جوہری ہتھیار تیار کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے" اور وہ جوہری توانائی کے پرامن استعمال کے ایران کے حق کو تسلیم اور اس کی حمایت کرتا ہے۔"

چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ چین کو امید ہے کہ تمام فریق ایرانی جوہری مسئلے کو مذاکرات اور افہام و تفہیم کے راستے پر واپس لانے کے لئے بات چیت اور رابطوں کو برقرار رکھیں گے۔
اس فون کال میں، عراقچی نے بھی سلامتی کونسل میں نام نہاد اسنیپ بیک عمل (اقوام متحدہ کی پابندیوں کی واپسی) کو غیر قانونی قرار دینے میں چین کے ذمہ دارانہ اور اصولی موقف کو بھی سراہا، اور کہا: "امریکہ اور بعض مغربی ممالک کے یکطرفہ رویوں کا مقابلہ کرنے کے لئے چین، ایران اور روس کے درمیان تعمیری تعاون کو اقوام متحدہ کے رکن ممالک نے بھی بہت اہمیت دی ہے۔ "غیر وابستہ تحریک۔" چین اور روس نے اسنیپ بیک میکانزم کے نفاذ کی مخالفت کی ہے۔ اسنیپ بیک میکانزم کے نفاذ سے پہلے، چینی وزیر خارجہ نے ایرانی وزیر خارجہ عراقچی اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو اس کے فعال ہونے کے خلاف، ایک خط لکھا۔
اسنیپ بیک کے بعد، اقوام متحدہ میں ایران، روس اور چین کے سفراء نے قرارداد 2231 کی منسوخی کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کو لکھے گئے خط میں تین یورپی ممالک کے اسنیپ بیک کو فعال کرنے کے اقدام کو قانونی اور طریقہ کار کے لحاظ سے ناقص اور قانونیت سے عاری قرار دیا، اور اعلان کیا کہ قرار داد کے مکمل خاتمے کا مطلب یہ ہے کہ اس کے بعد ختم شدہ قرارداد کے تحت ایران کی ایٹمی تنصیبات کے مسلسل معائنے کا سلسلہ نیز سلامتی کونسل میں اس معاملے پر غور کرنے کا سلسلہ، بھی بند ہوجائے گا۔
سلامتی کونسل میں ایرانی جوہری مسئلے کے علاوہ، آج وانگ یی کے ساتھ فون کال میں، عراقچی نے مغربی ایشیائی خطے میں صہیونی ریاست کے اشتعال انگیزاقدامات کے تسلسل کی طرف اشارہ کیا اور کہا: "عالمی برادری کو اس ریاست کی جنگ جوئی اور تسلط پسندانہ پالیسیوں کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے اور خطے میں بحران کا سد باب کرنا چاہئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ